چاغی (پاک ٹوڈے): بلوچستان کے ضلع چاغی میں دو مختلف حملوں کے دوران مسلح افراد نے پولیس تھانے اور تجارتی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب مسلح افراد نے یک مچھ کے علاقے میں قائم پولیس تھانے پر اچانک حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے اندر داخل ہو کر پولیس اسٹیشن کی عمارت میں شدید توڑ پھوڑ کی اور بعد ازاں پوری عمارت کو آگ دی۔ جس کے نتیجے میں تھانے کی عمارت، تمام سرکاری ریکارڈ، فرنیچر اور دیگر اہم دستاویزات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئیں۔ تاہم اس حملے کے وقت کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا۔
دوسری جانب، پاک-ایران تجارتی شاہراہ (کوئٹہ-تفتان N-40) پر بھی مسلح افراد کے حملے کے دوران 3 آئل ٹینکرز پر فائرنگ کی گئی اور بعد میں انہیں بھی آگ لگا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ حملے میں گاڑیوں کا عملہ اور ڈرائیورز محفوظ رہے۔
