پشاور (پاک ٹوڈے): سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سول سیکرٹریٹ کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی اور سابق فاٹا سیکرٹریٹ کی عمارت کو بھی خالی کرا لیا گیا، جبکہ اسمبلی میں داخلہ اور خروج بند کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کا مرکزی دروازہ بند ہے اور ملازمین کو اپنے دفاتر تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسمبلی سے باہر جانے والے افراد کے لیے فی الحال عمارت میں واپس داخلے کا راستہ بھی بند کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم پی اے ہاسٹل کو بھی خالی کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سکیورٹی الرٹ کے بعد ورسک روڈ پر واقع سابق فاٹا سیکرٹریٹ کی عمارت بھی خالی کرا لی گئی ہے۔ عمارت میں محکمہ اطلاعات، لائیوسٹاک، صحت اور دیگر سرکاری محکموں کا عملہ تعینات ہے۔
اس سے قبل سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک کالعدم تنظیم کی جانب سے سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی اطلاعات ہیں، جبکہ جمعہ کی نماز کے دوران سرکاری ملازمین کو ممکنہ طور پر نشانہ بنائے جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔
