اسلام آباد (پاک ٹوڈے): جمعیۃ علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 14 اگست محض جشن کا دن نہیں بلکہ یہ آزاد وطن کے حقیقی مقاصد کو یاد کرنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کا تقاضا کرتا ہے۔
سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ پاکستان 1947 میں اتحاد، تنظیم اور محکم یقین کی بنیاد پر وجود میں آیا تھا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بطور قوم ہمیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا تھا، لیکن آزادی کے 79 سال گزرنے کے باوجود ہم ایک کامل اور متحد قوم کے طور پر سامنے نہیں آ سکے۔
مولانا فضل الرحمان نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ وقت کا سب سے بڑا تقاضا علاقائی، لسانی اور گروہی تقسیم سے بالاتر ہو کر ایک مضبوط اور یکجا پاکستانی قوم کے طور پر آگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیامِ پاکستان کے بنیادی مقاصد میں نفاذِ اسلام، معاشی خوشحالی اور مستحکم جمہوری نظام کا قیام شامل تھا۔ ان مقاصد کو حاصل کیے بغیر ملکی ترقی اور خودمختاری کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
