اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو سڑکوں پر آنے پر مجبور نہیں کر رہی بلکہ وہ خود تصادم کی جانب بڑھ رہے ہیں اور بلاوجہ تلخی پیدا کر رہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن گزشتہ ڈیڑھ سال سے جاری ہے، مولانا فضل الرحمان کو بھیجا گیا نوٹس بھی اسی کارروائی کا حصہ ہے اور اس کا ان کی موجودہ سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے معاملے پر مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ کا بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ اس معاملے سے حکومت کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچ سکتا ہے، تاہم اگر وزیراعظم کی یہی رائے ہوتی تو وفاقی وزرا اس معاملے پر گفتگو نہ کر رہے ہوتے۔
طلال چوہدری نے ایک بار پھر واضح کیا کہ حکومت مولانا فضل الرحمان کو احتجاج یا سڑکوں پر آنے کی طرف نہیں دھکیل رہی بلکہ ان کی جانب سے خود تصادم کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے۔
