پشاور (پاک ٹوڈے): پشاور کے علاقے حیات آباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت فہد ولد شاروم کے نام سے ہوئی ہے، جو کافور ڈھیری کے رہائشی تھے۔ انہیں نادرا دفتر کی پارکنگ میں فائرنگ کرکے نشانہ بنایا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 8 خالی خول برآمد کیے۔ پولیس نے نادرا دفتر کی پارکنگ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل شروع کردیا ہے۔
مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کے محرکات جاننے اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔
