واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکا نے ایران کے تیل کی فروخت میں معاونت کرنے والے تاجروں اور ایرانی حکومت سے منسلک سہولت کاروں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق یہ پابندیاں ایسے افراد اور نیٹ ورکس کے خلاف لگائی گئی ہیں جن پر ایران کو بیرون ملک تیل فروخت کرنے میں مدد دینے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کے غلط استعمال کا الزام ہے۔
محکمہ خزانہ نے بتایا کہ یہ اقدامات دو صدارتی ایگزیکٹو آرڈرز کے تحت آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ کا حصہ ہیں۔ ان پابندیوں کا دائرہ ایران کے پیٹرولیم، پیٹروکیمیکل اور ہوا بازی کے شعبوں کے علاوہ انسداد دہشت گردی سے متعلق حکام تک پھیلا ہوا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ایرانی حکومت اپنے مفادات کو شہریوں کی ضروریات پر ترجیح دے رہی ہے، جبکہ عام ایرانیوں کو روٹی اور ایندھن کی قلت کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کی سمندری تیل کی سپلائی ختم ہوچکی ہے اور ممکن ہے کہ تہران پہلے ہی فروخت کیے گئے تیل کی آمدنی بھی حاصل نہ کرسکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی حکومت تیل کے ٹرسٹیز سے اربوں ڈالر وصول کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق نئی پابندیوں کی زد میں آنے والوں میں پاسداران انقلاب کے سابق انٹیلی جنس افسر محمد جواد باوند اور ایرانی فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ کے بھائی ماجد تاج بھی شامل ہیں۔
امریکی حکام کا الزام ہے کہ یہ دونوں ایسے نیٹ ورک کی قیادت کر رہے ہیں جو ایران کے کم ہوتے ذخائر سے تیل فروخت کرنے میں ملوث ہیں، جبکہ ایرانی حکومت کے ذمے ان کے اربوں ڈالر واجب الادا ہیں۔
