اسلام آباد (پاک ٹوڈے): سپریم کورٹ آف پاکستان نے قرار دیا ہے کہ ابوظہبی کی مقامی عدالت کا فیصلہ پاکستان میں براہِ راست نافذ نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت نے پاکستانی کمپنی کی درخواست 2 کے مقابلے میں ایک کی اکثریت سے منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ لاہور کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔
مقدمے کا تعلق 2011 میں پاکستانی کمپنی انجینئرنگ کائنیٹکس پرائیویٹ لمیٹڈ اور متحدہ عرب امارات کے ایک فریق کے درمیان پائپوں کی تیاری اور تنصیب کے تجارتی معاہدے سے تھا۔ معاہدے پر عملدرآمد اور مالی واجبات کے حوالے سے تنازع پیدا ہونے کے بعد معاملہ اماراتی عدالتوں میں پہنچا، جہاں پاکستانی کمپنی کے خلاف مالی ڈگری جاری کی گئی۔
سپریم کورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں وفاقی اور مقامی سطح پر دو الگ عدالتی نظام موجود ہیں۔ حکومت پاکستان نے 6 مارچ 2007 کے نوٹیفکیشن کے تحت صرف متحدہ عرب امارات کی وفاقی کورٹ آف اپیل کو سول پروسیجر کوڈ کی دفعہ 44-A کے مقاصد کے لیے اعلیٰ عدالت تسلیم کیا تھا، اس لیے ابوظہبی کی مقامی عدالت کا فیصلہ اس نوٹیفکیشن کے دائرے میں نہیں آتا۔
مقدمے کی سماعت جسٹس منیب اختر اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی تھی۔ دونوں ججوں نے 10 فروری 2026 کو فیصلہ محفوظ کیا، تاہم قانونی نکتے پر اختلاف کے باعث معاملہ ریفری جج کو بھجوا دیا گیا۔
جسٹس منیب اختر نے اپنے فیصلے میں ابوظہبی کورٹ آف اپیل کو مقامی عدالت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسے پاکستان میں براہِ راست عملدرآمد کے لیے تسلیم نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب جسٹس عرفان سعادت خان نے اختلافی نوٹ میں غیر ملکی ڈگری کو پاکستان میں قابلِ عمل قرار دینے کے حق میں رائے دی۔
ریفری جج جسٹس محمد شفیع صدیقی نے جسٹس منیب اختر کے مؤقف سے اتفاق کیا، جس کے نتیجے میں 19 نومبر 2026 کو سپریم کورٹ نے 2-1 کی اکثریت سے حتمی فیصلہ سنایا۔
مقدمے کے مطابق ابوظہبی کی کورٹ آف فرسٹ انسٹینس نے 17 جون 2014 کو پاکستانی کمپنی کے خلاف 4 لاکھ 65 ہزار 933 اماراتی درہم کی ادائیگی کی ڈگری جاری کی تھی، جس میں پانچ فیصد سالانہ سود، 50 ہزار درہم اور دیگر اخراجات بھی شامل تھے۔ 20 جنوری 2015 کو ابوظہبی کورٹ آف اپیل نے بھی ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا اور وکلا کی فیس سے متعلق رقم میں اضافہ کردیا۔
ڈگری ہولڈر نے رقم کی وصولی کے لیے پاکستان میں ڈسٹرکٹ کورٹ لاہور سے رجوع کیا تھا۔ پاکستانی کمپنی نے مؤقف اختیار کیا کہ ابوظہبی کی مقامی عدالت کو پاکستان میں براہِ راست عملدرآمد کے لیے تسلیم شدہ اعلیٰ عدالت قرار نہیں دیا جاسکتا، تاہم ڈسٹرکٹ کورٹ لاہور نے اعتراضات مسترد کردیے اور لاہور ہائیکورٹ نے بھی 25 نومبر 2022 کو ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔
سپریم کورٹ نے اپنے حتمی فیصلے میں واضح کیا کہ سول پروسیجر کوڈ کی دفعہ 44-A کے تحت صرف اسی غیر ملکی عدالت کی ڈگری پاکستان میں براہِ راست نافذ ہوسکتی ہے جسے وفاقی حکومت نے متعلقہ قانونی تقاضوں کے مطابق تسلیم کیا ہو۔
