لاہور (پاک ٹوڈے): لاہور میں جعلی، تبدیل شدہ اور بغیر نمبر پلیٹس گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا گیا ہے، جہاں ڈولفن سکواڈ نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے 4 گاڑیاں پکڑ لیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر ڈولفن سکواڈ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور شہر بھر میں مشکوک اور غیر قانونی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق سیف سٹی کیمروں کی نشاندہی پر مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے چار گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا۔ ان گاڑیوں پر جعلی اور تبدیل شدہ نمبر پلیٹس نصب تھیں، جن کے ذریعے مبینہ طور پر ای چالان سے بچنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
کریک ڈاؤن کے دوران جعلی نمبر پلیٹس کے علاوہ بلیک لسٹڈ گاڑیوں، نامکمل دستاویزات اور غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ایس پی ڈولفن کے مطابق اکثر تبدیل شدہ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیاں جرائم کی وارداتوں میں استعمال ہوتی ہیں، اس لیے ایسی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پکڑی گئی چاروں گاڑیوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں میں بند کروا دیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنی گاڑیوں پر صرف منظور شدہ نمبر پلیٹس لگائیں اور ضروری دستاویزات مکمل رکھیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
