میکسیکو سٹی (پاک ٹوڈے): امریکی ایف بی آئی کے مطلوب ترین افراد کی فہرست میں شامل منشیات کے مبینہ بڑے اسمگلر فاؤستو ایسدرو میزا فلورس المعروف ’ایل چاپو ایسدرو‘ کو میکسیکو میں گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق میکسیکو کی ریاست سینالوا کے شہر گواسابے میں میکسیکن فوج نے ایک بڑے آپریشن کے دوران ایل چاپو ایسدرو کو حراست میں لیا۔ ملزم پر امریکا میں کوکین اور ہیروئن سمیت بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کے الزامات ہیں۔
ایف بی آئی نے اس کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات پر 50 لاکھ ڈالر، یعنی تقریباً ایک ارب 40 کروڑ پاکستانی روپے انعام مقرر کر رکھا تھا۔ وہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
گرفتاری کے لیے کیے گئے آپریشن کے دوران کارٹیل کے جنگجوؤں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی اور مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فائرنگ کے باعث بیس بال میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگ نکلے جبکہ کھلاڑیوں کو بھی میدان چھوڑنا پڑا۔
میکسیکو کی وزارت دفاع کے مطابق یہ کارروائی میکسیکن انٹیلی جنس اداروں اور امریکی حکام کے درمیان رابطے اور باہمی تعاون کے نتیجے میں کی گئی۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا امریکی اہلکار خود بھی آپریشن میں شریک تھے یا نہیں۔
گرفتار ملزم اور دیگر زیرحراست افراد کو میکسیکو کی فضائیہ کے طیارے کے ذریعے دارالحکومت میکسیکو سٹی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں استغاثہ کے حوالے کردیا گیا۔
