چارسدہ (پاک ٹوڈے): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو سکیورٹی کا خطرہ ہے تو انہیں لازمی سکیورٹی فراہم کی جانی چاہیے، کیونکہ ہر سیاسی رہنما کو تحفظ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں اور وہ ان کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی رہنما کی سکیورٹی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرتی تو آج صورت حال مختلف ہوتی۔ ان کے بقول پی ٹی آئی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اپنی جنگ نہیں سمجھا اور اس جماعت کے رہنما کسی شہید کے جنازے میں بھی شریک نہیں ہوئے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ سکیورٹی فورسز، پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے ساتھ کھڑے ہیں۔
