اوٹاوا (پاک ٹوڈے): کینیڈا نے غیر ملکی یونیورسٹی پروفیسرز اور لیکچررز کے لیے مستقل رہائش (پی آر) حاصل کرنے کا عمل آسان بنانے کے لیے نئی عارضی امیگریشن پالیسی متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اہل امیدواروں کو ایکسپریس انٹری کے نظام میں اضافی پوائنٹس دیے جائیں گے۔
کینیڈین محکمہ امیگریشن کی جانب سے 17 نومبر 2026 سے نافذ ہونے والی اس پالیسی کے تحت اہل یونیورسٹی اساتذہ کو کینیڈا میں حاصل کردہ متعلقہ ملازمت کے تجربے پر 70 اضافی پوائنٹس مل سکتے ہیں، جبکہ شرائط پر پورا اترنے والی ملازمت کی پیشکش پر 100 پوائنٹس حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
نئی پالیسی کی اہم تبدیلی یہ ہے کہ اب یونیورسٹی پروفیسرز اور لیکچررز کو دی جانے والی اسکالرشپس، گرانٹس، اسٹائپنڈز اور دیگر تعلیمی وظائف کے ذریعے حاصل کردہ متعلقہ کام کے تجربے کو بھی امیگریشن کے لیے شمار کیا جا سکے گا، بشرطیکہ وہ مقررہ شرائط پوری کرتے ہوں۔
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے امیدوار کے پاس 17 نومبر 2026 یا اس کے بعد ایکسپریس انٹری کے ذریعے مستقل رہائش کے لیے درخواست دینے کا دعوت نامہ ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ تین سال کے دوران کینیڈا میں یونیورسٹی پروفیسر یا لیکچرر کی حیثیت سے کم از کم ایک سال کا کل وقتی یا اس کے مساوی جزوقتی تجربہ بھی درکار ہوگا۔
یہ پالیسی کینیڈین ایکسپیرینس کلاس اور فیڈرل اسکلڈ ورکر پروگرام کے اہل امیدواروں پر لاگو ہوگی۔ تاہم امیدواروں کو زبان کی مہارت سمیت امیگریشن کی دیگر لازمی شرائط بھی پوری کرنا ہوں گی۔
دوسری جانب پوسٹ سیکنڈری تدریسی اور تحقیقی معاونین کو اس خصوصی سہولت سے خارج رکھا گیا ہے۔ کینیڈین حکام کے مطابق اس عارضی پالیسی کی کوئی مقررہ اختتامی تاریخ نہیں، تاہم وزیر امیگریشن اسے کسی بھی وقت واپس لے سکتے ہیں۔
