کوئٹہ (پاک ٹوڈے): بلوچستان کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے عالمی مارکیٹ میں ایک ارب 20 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کسٹمز حکام کے مطابق فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ زیارت کراس کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر ایک مشکوک ٹویوٹا ہائی لکس ریوو گاڑی کو روک کر تلاشی لی۔ اس دوران گاڑی کے پچھلے حصے کے دونوں سائیڈ پینلز میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے تین تہوں میں لپٹے ہیروئن کے 77 پیکٹس برآمد ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی ہیروئن کا مجموعی وزن 42.891 کلوگرام ہے، جبکہ اس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت ایک ارب 20 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
کارروائی کے دوران گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی اور اس میں سوار دونوں ملزمان کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔
