اسلام آباد (پاک ٹوڈے): محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ پنجاب کے متعدد شہروں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ چھا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کی رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ اتوار کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کے ساتھ صبح اور رات کے اوقات میں سردی محسوس کی جائے گی۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ بالائی اضلاع میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ مری اور گلیات میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، خانیوال، ملتان، خانپور، کوٹ ادو، بہاولپور اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں چند مقامات پر دھند اور اسموگ چھانے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی اضلاع میں سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہا۔ ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت میں لہہ منفی 6، اسکردو منفی 3 اور گوپس میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
