پشاور (پاک ٹوڈے): محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی سالانہ رپورٹ کے مطابق صوبے کے ذمہ قابل ادائیگی مجموعی بیرونی قرضوں کا حجم 836 ارب 46 کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران صوبے کے مجموعی قرضوں میں 60 ارب 14 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس عرصے میں 33 ارب 39 کروڑ روپے اصل زر کی مد میں واپس کیے گئے، جبکہ حاصل کیے گئے قرضوں پر 17 ارب 23 کروڑ روپے سود بھی ادا کیا گیا۔
محکمہ خزانہ کی دستاویزات کے مطابق قرضوں میں مسلسل اضافے سے صوبے پر مالی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ سود کی ادائیگیوں کے باعث ترقیاتی منصوبوں کے لیے دستیاب فنڈز متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ قرضوں کے حصول اور استعمال میں شفافیت اور مؤثر منصوبہ بندی نہ ہونے کی صورت میں آنے والے برسوں میں صوبے کو مزید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
