کراچی (پاک ٹوڈے): سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے فقیرا گوٹھ میں گھر میں ڈکیتی کی مبینہ کوشش کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ اس کا بھائی زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ فقیرا گوٹھ میں چاند بنگلے کے قریب پیش آیا، جہاں چار مسلح ملزمان مبینہ طور پر ڈکیتی کی نیت سے ایک گھر میں داخل ہوئے۔ اہلخانہ کی جانب سے شور مچانے پر ملزمان نے فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا بھائی زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے دونوں بھائی ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا معلوم ہوتا ہے۔ جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے دو خول بھی ملے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
جاں بحق شخص کے بھائی عدنان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے بھائیوں کے ساتھ فروٹ کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ ان کے مطابق مقتول عامر تین بچوں کا باپ تھا، جبکہ خاندان کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے ہے۔
پولیس کے مطابق ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقتول کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ہے، جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
