بنوں (پاک ٹوڈے): بنوں کے علاقے ہوید علاخیل میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف منعقدہ جرگے کو مبینہ ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مقامی عمائدین دہشت گردی اور بدامنی کے خلاف جرگے میں شریک تھے کہ اس دوران نامعلوم حملہ آوروں نے کواڈ کاپٹر ڈرون کے ذریعے حملہ کر دیا۔ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بنوں کی تحصیل ڈومیل میں ہاتھی خیل امن کمیٹی کے سربراہ ملک توانی خان کے گھر پر ڈرون حملے کی اطلاع سامنے آئی تھی، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
