اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ قومی کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان کے مستقبل کا فیصلہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی سی آئی اے) کے حکام کریں گے، جنہیں دونوں کھلاڑیوں کو آئندہ چند روز میں طلب کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے اب تک کیے گئے اقدامات سے وہ مطمئن ہیں اور انہیں اپنی ٹیم پر مکمل اعتماد ہے۔ طے شدہ منصوبہ بندی کے مطابق کام جاری رکھا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ سلیکشن کمیٹی میں فی الحال کسی قسم کی تبدیلی زیر غور نہیں اور کمیٹی کے فیصلوں کو قبول کیا جائے گا۔
انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ماسٹر پلان پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے ڈیزائن کی تیاری میں عاقب جاوید نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اکیڈمی کی جدید خطوط پر تعمیر اور اپ گریڈیشن کا کام 31 جنوری تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
محسن نقوی کے مطابق اکیڈمی میں جدید بائیو مکینکس لیبارٹری بھی قائم کی جارہی ہے، جس کے لیے بین الاقوامی معیار کی مشینری درآمد کی جارہی ہے۔ اس لیبارٹری میں قومی ٹیم کے علاوہ انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کے کھلاڑیوں کی تکنیک اور جسمانی حرکات کا سائنسی بنیادوں پر تجزیہ کیا جاسکے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تین سے چھ ماہ کے خصوصی تربیتی کیمپس بھی منعقد کیے جارہے ہیں، جن میں فٹنس کے ساتھ کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیوں کو دور کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ فرنچائزز کی فروخت گزشتہ برس ریکارڈ قیمتوں پر ہوئی تھی، تاہم کسی بھی کاروبار کے ابتدائی دو سے تین سال میں مالی مشکلات سامنے آسکتی ہیں۔ اگر کوئی فرنچائز مالک مستقبل میں اپنی ٹیم منافع کے ساتھ فروخت کرنا چاہے تو پی سی بی اس فیصلے کا خیرمقدم کرے گا۔
مرکزی معاہدوں سے متعلق انہوں نے بتایا کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹس پر کام جاری ہے اور جلد ان کا اعلان کردیا جائے گا۔
محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ سمیت کھیل کے تمام فارمیٹس میں نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے کی پالیسی جاری رکھی جائے گی۔
