واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی میڈیا نے پیش گوئی کی ہے کہ ڈیموکریٹ رہنما الہان عمر نے ایوانِ نمائندگان جبکہ عبدال السعید نے سینیٹ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ریاست مینیسوٹا سے ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس الہان عمر مسلسل پانچویں مرتبہ ایوانِ نمائندگان کی نشست جیتنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ انہوں نے 2 لاکھ 61 ہزار 920 ووٹ حاصل کیے، جو مجموعی ووٹوں کا 76.4 فیصد بنتے ہیں، جبکہ ان کے ریپبلکن حریف کو 16.3 فیصد ووٹ ملے۔
رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹ سوشلسٹ عبدال السعید نے بھی سینیٹ کے انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں متعدد بار ان پر تنقید کر چکے ہیں۔
امریکی انتخابات میں ایک اور نمایاں ڈیموکریٹ رہنما یاسمین انصاری بھی 79 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئی ہیں۔
ابتدائی نتائج اور پیش گوئیوں کے مطابق ڈیموکریٹس نے منگل کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں سینیٹ میں اکثریت حاصل کرلی ہے جبکہ ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول بھی ان کے ہاتھ میں آنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
