واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کا فی الحال ایران پر فوری حملہ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، تاہم ضرورت پیش آنے پر امریکی فوج ہر قسم کی کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اس وقت سفارتی رابطوں کے ذریعے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور فی الحال ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتا۔
واضح رہے کہ تین روز قبل امریکی صدر نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے اور دوبارہ جنگ کے خدشات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن تہران کے ساتھ معاہدے کے لیے جلد بازی میں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی ایک یا دو جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا باقی ہے اور ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف صرف 10 منٹ میں کارروائی کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب ٹرمپ کے تازہ بیان سے چند گھنٹے قبل ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مسلح افواج کو ہدایت کی تھی کہ کسی بھی خطرے کی صورت میں فوری اور جغرافیائی حدود سے بالاتر ہو کر جواب دیا جائے۔
