نئی دہلی (پاک ٹوڈے): بھارتی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز ویرات کوہلی نے اپنے آئندہ کے کرکٹ پلان سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2027 میں ہونے والا ایک روزہ ورلڈ کپ ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 2027 کا ورلڈ کپ ان کی آخری عالمی کپ شرکت ہوگی۔ ان کے مطابق یہی بات انہیں مزید محنت اور پوری توانائی کے ساتھ کھیلنے کے لیے متحرک کر رہی ہے۔
کوہلی نے واضح کیا کہ ان کی نظر صرف ورلڈ کپ میں شرکت پر نہیں بلکہ ٹرافی جیتنے پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد بالکل واضح ہے اور وہ اسے حاصل کرنے کے لیے جو کچھ ممکن ہوا کریں گے، انہوں نے کہا کہ وہ اس چیلنج کے لیے تیار ہیں۔
37 سالہ ویرات کوہلی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اب بھارت کی جانب سے صرف ون ڈے کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ ایک روزہ فارمیٹ میں ان کا شمار دنیا کے نمایاں بلے بازوں میں ہوتا ہے، جہاں وہ اب تک 14 ہزار 941 رنز اور 54 سنچریاں بنا چکے ہیں۔
کوہلی 2011 میں بھارت کی جانب سے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی تھے۔ تاہم 2023 میں بھارت کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بھارتی بیٹر کے مطابق 50 اوورز کے ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں زیادہ طویل اور مسلسل محنت کرنا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 10 میچوں پر مشتمل بڑے ٹورنامنٹ میں اس شدت کو برقرار رکھنا جسمانی اور ذہنی طور پر بڑا چیلنج ہوتا ہے، خاص طور پر جب مقابلے غیر ملکی میدانوں پر ہوں۔
2027 کا ایک روزہ ورلڈ کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے بھارت کی موجودہ ون ڈے سیریز کو تیاریوں کے اہم مرحلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
بھارتی بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک نے بھی ٹیم میں کوہلی اور روہت شرما جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی کو اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں اب تقریباً ایک سال باقی ہے اور ٹیم کا ماحول اچھا ہے۔
ویرات کوہلی اور روہت شرما نے بھارت کو 2024 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جتوانے کے بعد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
