تیمور خان | پشاور، پاک ٹوڈے
خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وفاقی حکومت اور موجودہ انتظامی سیٹ اپ نے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے معزول پی ٹی آئی حکومت سے بہتر کارکردگی دکھانے اور مختصر مدت میں نمایاں تبدیلی لانے کے دعوے کیے ہیں۔ اس مقصد کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج، 100 روزہ اور چھ ماہ کے منصوبوں کا اعلان بھی کیا گیا، تاہم ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود اب تک کوئی منصوبہ عملی طور پر شروع نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب، کسی نئے منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر رکھنے کے باوجود موجودہ قانونی طریقہ کار کے تحت اس کے آغاز میں چار سے چھ ماہ لگ سکتے ہیں، جس کے باعث اعلان کردہ ترقیاتی اہداف کی مقررہ مدت میں تکمیل مشکل دکھائی دیتی ہے۔
خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ ترقیاتی پیکیج کے تحت 12 مخصوص اضلاع کے لیے 70 فیصد اور خیبرپختونخوا کے 25 اضلاع کے لیے 30 فیصد فنڈ ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔
ترقیاتی پیکیج کی تفصیل
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ ترقیاتی پیکیج کے تحت 12 مخصوص اضلاع کے لیے 70 فیصد کے حساب سے 96 ارب 97 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو 430 ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔
صوبے کے دیگر 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ روپے مالیت کے 219 منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔
ان میں 83 مختصر مدتی منصوبوں کو 100 دن کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
بارہ اضلاع میں منصوبوں کی تقسیم
12 اضلاع کے لیے 12 ارب 90 کروڑ روپے پانی کی فراہمی کے نظام کی سولرائزیشن اور 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم کے لیے وظائف دینے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 409 تعلیمی اداروں کی سولرائزیشن، 70 اسکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن، 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے لیے 12 ارب 90 کروڑ روپے، جبکہ 32 سڑکوں کی بہتری کے منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
موجودہ دستاویزات کے مطابق 12 اضلاع میں صحت کے 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ، تعلیم کے 72 منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ امن و امان کے شعبے کے لیے 39 ارب 19 کروڑ روپے کے 62 منصوبے شامل ہیں، جن میں سی ٹی ڈی کے تین ریجنل اور 16 ضلعی ہیڈکوارٹرز کا قیام جبکہ پولیس لائنز اور تھانوں کی اپ گریڈیشن کے لیے 5 ارب 28 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
شہری ترقی کے منصوبوں میں پشاور کی ناصر باغ روڈ کی توسیع اور خوبصورتی، رنگ روڈ کے مسنگ لنکس اور انڈر پاسز کی تعمیر شامل ہے۔
بنیادی سوال: کیا اہداف وقت پر پورے ہو سکیں گے؟
اتنے بڑے مالی پیکیج اور منصوبوں کے اعلانات کے باوجود بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا موجودہ انتظامی سیٹ اپ انہیں مقررہ مدت میں عملی شکل دے سکے گا، کیونکہ 100 روزہ اور چھ ماہ کے اہداف کے حصول کے لیے محض فنڈز مختص کرنا کافی نہیں، بلکہ منصوبوں کی منظوری، مالی وسائل کے اجرا اور ٹینڈرنگ کے تمام مراحل بھی مکمل کرنا ہوں گے۔
ایک افسر کے مطابق انتظامی سیٹ اپ نے نئے منصوبے شروع کرنے کے بجائے زیادہ تر جاری منصوبوں کی جلد تکمیل پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔ اس مقصد کے لیے ایسے منصوبوں کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جنہیں مختصر مدت میں مکمل کیا جا سکے، جبکہ متعدد محکموں کو ترقیاتی منصوبے مرتب کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق تمام سرکاری محکموں اور 12 ایمرجنسی والے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو 100 روزہ اور چھ ماہ کے ترقیاتی منصوبے تیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
منصوبوں کے اعلانات اور عملی آغاز کے درمیان کتنا فاصلہ ہے؟
محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کسی بھی نئے ترقیاتی منصوبے کے لیے پہلے ابتدائی تصور تیار کیا جاتا ہے، جس کے بعد اس کا پریکٹیکل کاپی ون (پی سی ون) مرتب کیا جاتا ہے۔
اگر اعتراضات سامنے آئیں تو پی سی ون میں تبدیلیاں کی جاتی ہیں، جس کے بعد انتظامی منظوری جاری ہوتی ہے۔ منصوبہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو جائزے کے لیے بھیجا جاتا ہے، جبکہ مالی منظوری کے لیے محکمہ خزانہ سے رجوع کرنا پڑتا ہے۔
اگر منصوبے کی لاگت 10 کروڑ روپے تک ہو تو اسے متعلقہ محکمے کی سطح پر ڈپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (ڈی ڈی ڈبلیو پی) سے منظور کرایا جاتا ہے۔ اس کے بعد پی سی ون محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ونگ اور محکمہ خزانہ کو بھیجا جاتا ہے، جہاں اس کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
10 کروڑ سے 10 ارب روپے تک کے منصوبوں کے لیے منظوری کا عمل مزید طویل ہوتا ہے۔ اس کے بعد ٹینڈرنگ کا مرحلہ آتا ہے، جس میں خریداری اور تعمیرات کے قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں۔
منصوبے کی منظوری کے بعد بھی کام شروع کرنے کے لیے محکمہ خزانہ سے اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت اور دیگر مالی کارروائیاں مکمل کرنا ہوتی ہیں۔
محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے افسر کے مطابق اگر کسی منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر بھی رکھا جائے تو اس کے آغاز میں چار سے چھ ماہ لگ سکتے ہیں۔ ان کے مطابق تمام قانونی اور انتظامی مراحل مکمل کیے بغیر کسی منصوبے پر عملی کام شروع کرنا ممکن نہیں، جبکہ 12 اضلاع کے منصوبے وفاق سے بھی اسی طریقہ کار کے تحت منظور ہوں گے۔
حکومت کا مؤقف: طریقہ کار تیز کیا جا رہا ہے
12 ایمرجنسی والے اضلاع کے مشیر اطلاعات محمود جان بابر کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ ان اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے اور اس مقصد کے لیے سرکاری طریقہ کار کو تیز کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب منصوبوں کی تکمیل میں پہلے جتنا وقت لگتا تھا، اتنا وقت نہیں لگنے دیا جائے گا۔
ان کے مطابق 12 ایمرجنسی والے اضلاع میں بھی ترقیاتی منصوبوں کے لیے اسی نوعیت کا طریقہ کار موجود ہے، تاہم متعلقہ فورمز کے نام مختلف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قواعد و ضوابط کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور منصوبوں کو منظوری کے مقررہ مراحل سے گزرنا ہوگا۔
پشاور میں 15 لاکھ درخت لگانے کا اعلان، کیا ماضی کی شجرکاری مہمات ناکام رہیں؟
ذرائع کے مطابق گورنر راج کے بعد گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں بڑے پیمانے پر شجرکاری اور بیوٹیفکیشن مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حیات آباد ٹریک سمیت شہر کے مختلف مقامات پر درخت اور پھول لگائے گئے، تاہم اب ایک مرتبہ پھر شہر میں 15 لاکھ درخت اور پھول لگانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سوال یہ ہے کہ ماضی میں لگائے گئے پودوں کا کیا بنا اور ان کی بقا یقینی بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟
گورنر فیصل کریم کنڈی نے نئے منصوبے کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں، جس کی فزیبلٹی رپورٹ ایک ہفتے میں تیار کی جائے گی۔
منصوبے پر محکمہ جنگلات اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ ذرائع کے مطابق حیات آباد ٹریک کے علاوہ ریگی خوڑ کے علاقے میں بھی درخت اور پھول لگانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ شہر کے سرکاری تعلیمی اداروں کو بھی شجرکاری مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔ جن عمارتوں اور احاطوں میں درخت لگانے کی گنجائش موجود ہوگی، وہاں درخت لگائے جائیں گے، جبکہ محدود جگہوں پر پھول لگانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
اس کے علاوہ حیات آباد کے فیز سیون کے قریب ضلع خیبر کے ایک پہاڑ کو جنگل میں تبدیل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، کیونکہ یہ پہاڑ پشاور سے بھی نظر آتا ہے اور وہاں شجرکاری سے علاقے کو سرسبز بنایا جا سکتا ہے۔
محکمہ جنگلات کے پشاور ڈویژنل فارسٹ آفیسر شکیل خان کے مطابق منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ پر کام جاری ہے، جس میں دستیاب مقامات اور موجودہ منصوبوں کے تحت ممکنہ شجرکاری کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈلائن دی گئی ہے۔ جہاں موجودہ منصوبوں میں درخت لگانے کی گنجائش نہیں ہوگی، وہاں نئے سرے سے شجرکاری کے لیے درکار اخراجات کا تخمینہ لگایا جائے گا۔
شکیل خان کے مطابق پہلے سے جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ ان کے تحت مزید کتنی شجرکاری ممکن ہے۔
ذرائع کے مطابق اس نئے اعلان کے ساتھ ماضی کی شجرکاری مہمات کی کارکردگی کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔ اب تک پشاور میں کتنے پودے لگائے گئے، ان میں سے کتنے درخت بن سکے اور کتنے ضائع ہوگئے، کیونکہ حیات آباد ٹریک پر بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کے تحت شجرکاری کی گئی تھی، جس کا خیال نہیں رکھا گیا اور بیشتر پودے ضائع ہوگئے۔
