غزہ (پاک ٹوڈے): غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ کارروائیوں میں حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اور نائب وزیر تعلیم سمیت کم از کم 10 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں مسلسل تیسری رات فضائی حملے کیے۔ وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں خالد ابو ندا جاں بحق ہوگئے۔ وہ حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اور تنظیم کی جانب سے مقرر کردہ نائب وزیر تعلیم تھے۔
حماس کے سربراہ خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم مسلسل اسرائیلی حملوں کو مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی خلاف ورزیوں اور روزانہ ہونے والی ہلاکتوں کے جواب میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے دیگر فلسطینی دھڑوں سے مشاورت کی جائے گی۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے تازہ حملوں کو حماس کے ارکان اور اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف جاری کارروائیوں کا حصہ قرار دیا۔ ان کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران حماس کے تقریباً 80 جنگجوؤں کو ہلاک کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ خالد ابو ندا حماس کے مالیاتی امور کی نگرانی کرتے، اس کے بینکاری اور سرمایہ کاری کے نیٹ ورک چلاتے اور تنظیم کی عسکری سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے میں کردار ادا کرتے تھے۔
خالد ابو ندا منگل کے بعد اسرائیلی حملوں میں مارے جانے والے تیسرے سینئر حماس عہدیدار ہیں۔ اس سے قبل تنظیم کے دو اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار بھی اسرائیلی کارروائیوں میں مارے جاچکے ہیں۔
ادھر غزہ شہر کے طفح محلے، ساحلی پٹی کے ایک پناہ گزین کیمپ اور شیخ رضوان کے علاقے میں بھی اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید سات فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ طبی ذرائع کے مطابق یہ حملے رات گئے اور جمعرات کے روز کیے گئے۔
حماس نے خالد ابو ندا کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے تعلیمی اور شہری شخصیات کو نشانہ بنانے کو سنگین جرم قرار دیا اور اسرائیلی حملوں کو جنگ بندی معاہدے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔
