پشاور (پاک ٹوڈے): پشاور موٹروے ٹول پلازہ کے قریب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے احتجاج کے معاملے پر پولیس نے پارٹی کے 16 رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ چمکنی میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں جے یو آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سینیٹر مولانا عطاءالحق درویش، رکن صوبائی اسمبلی اعجاز محمد اور صوبائی ترجمان جلیل جان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مظاہرین نے موٹروے کے دونوں اطراف ٹریفک بند رکھی اور تقریباً چار سے پانچ گھنٹے تک آمدورفت معطل رہی، جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایف آئی آر میں مظاہرین کی تعداد 180 سے 200 کے درمیان بتائی گئی ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق مولانا عطاءالحق درویش، ایم پی اے اعجاز محمد اور جلیل جان نے پولیس کے ساتھ مذاکرات سے انکار کیا۔ بعد ازاں مظاہرین کو منتشر کرنے اور موٹروے ٹریفک کے لیے بحال کرنے کی غرض سے پولیس نے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔
