حمید سمسور | کوئٹہ، پاک ٹوڈے
حکومت گوادر کی بندرگاہ کو فعال بنانے اور سرمایہ کاری راغب کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گوادر بندرگاہ کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے بتدریج کوششیں جاری ہیں۔
اس سلسلے میں گوادر پورٹ اتھارٹی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چینی سرمایہ کاری راغب کرنے اور گوادر فری زون میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔
جی پی اے کے چیئرمین نورالحق بلوچ کی زیر صدارت اجلاس میں چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین پروفیسر ہو بو، گوانگ ڈونگ میٹل پروسیسنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن مس یانگ، چینگڈو کمپنی کے نمائندوں اور جی پی اے کے حکام نے شرکت کی۔
بات چیت کا محور کارخانوں کا قیام، سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی، درآمدات اور برآمدات کے عمل کو ہموار بنانے اور انتظامی و قانونی رکاوٹوں کو دور کرنا تھا۔
نورالحق بلوچ نے گوادر کے اسٹریٹجک محل وقوع، سرمایہ کاری کے لیے دستیاب مراعات، ڈیوٹی میں چھوٹ اور بین الاقوامی منڈیوں تک براہ راست رسائی کے امکانات پر روشنی ڈالی۔
کوئٹہ: تاجر برادری کا مطالبہ، مقامی صنعت کو ترجیح دی جائے
تاجر برادری اور کاروباری حلقوں نے چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی اور صنعتی یونٹس کے سربراہان کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی صنعت کو ترجیح دی جائے اور بلوچستان کے صنعت کاروں کو خصوصی مواقع فراہم کیے جائیں، تاکہ گوادر کے ذریعے بڑے پیمانے پر صنعتی سرگرمیوں کا آغاز ہو سکے۔
تاجروں کے مطابق گوادر پورٹ آپریشنل ہے اور چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کو چاہیے کہ وہ مختلف شپنگ لائنز سے رابطہ کرے۔ اس وقت وسطی ایشیا اور ایران کے لیے آنے والے کارگو کی ترسیل کا عمل بھی ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔
کوئٹہ: آبنائے ہرمز کی بندش سے پاکستانی بندرگاہوں پر معاشی سرگرمیوں میں ریکارڈ اضافہ
سابق صدر پاکستان چیمبر آف کامرس حاجی دارو خان اچکزئی نے کہا:
"اس وقت آبنائے ہرمز کی وجہ سے بہت سی بندرگاہیں متاثر ہیں۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ کراچی اور گوادر دونوں بندرگاہیں آبنائے ہرمز سے باہر واقع ہیں۔ اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے لیے چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کو دیگر شپنگ کمپنیوں سے بات کرنی چاہیے اور شپنگ کا عمل ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنا چاہیے۔ اس طرح صنعت بھی آ سکتی ہے اور ترقی کے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔”
رکن کوئٹہ چیمبر آف کامرس ایوب مریانی نے کہا کہ کراچی جانے والے بحری جہازوں کو اگر گوادر پورٹ پر لایا جائے تو وہاں سے دیگر مقامات تک سامان کی ترسیل آسان اور کم وقت میں ممکن ہو سکے گی، جس سے بلوچستان کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروباری افراد، تاجروں اور ڈرائیوروں کو سامان کی ترسیل کے لیے 20 سے 25 روز تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ گوادر پورٹ کے ذریعے یہ انتظار ختم ہو سکتا ہے اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی آ سکتی ہے۔
گوادر: پاکستان کی سات بندرگاہیں، گوادر تیسری بڑی بندرگاہ
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان جغرافیائی لحاظ سے ایک اہم ملک ہے، جہاں سات بندرگاہیں موجود ہیں۔ ان میں سب سے بڑی کراچی پورٹ، دوسری پورٹ قاسم، جب کہ گوادر ڈیپ سی پورٹ چین کے تعاون سے قائم ہونے والی تیسری بڑی بندرگاہ ہے۔
اس کے علاوہ پسنی، اورماڑہ، جیوانی اور شاہ بندر کی بندرگاہیں بھی موجود ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ساحلی پٹی کے اعتبار سے ایک طویل سمندری سرحد حاصل ہے۔ گوادر، کراچی اور پورٹ قاسم ایسی بندرگاہیں ہیں جو آبنائے ہرمز کی بندش سے براہ راست متاثر نہیں ہوتیں۔ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث خلیجی ممالک اور وسطی ایشیا کے لیے ایران کے راستے آنے جانے والے تجارتی سامان کی ترسیل کے لیے پاکستانی بندرگاہوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
کراچی: ایک سال میں کراچی پورٹ پر کارگو اور کنٹینرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران بندرگاہ نے 53.95 ملین ٹن کارگو ہینڈل کیا، جب کہ کنٹینرز کی تعداد 26 لاکھ 51 ہزار ٹی ای یوز تک پہنچ گئی۔
اس کے مقابلے میں مارچ 2025 سے مارچ 2026 کے دوران جاری کردہ کارکردگی رپورٹ میں 59.46 ملین ٹن کارگو ہینڈل کرنے، 29 لاکھ 45 ہزار ٹی ای یوز اور 2,182 بحری جہازوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔
دونوں رپورٹس کا موازنہ کیا جائے تو کارگو میں 10 فیصد سے زیادہ، جب کہ کنٹینرز کی تعداد میں 11 فیصد سے زیادہ اضافہ سامنے آتا ہے، جو ملکی تجارت اور بندرگاہی سرگرمیوں میں تیزی کی نشاندہی کرتا ہے۔
کراچی: پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی آمدنی میں 58 فیصد اضافہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے مطابق مالی سال 2025-26 میں اس کی مجموعی آمدنی 59.5 ارب روپے رہی، جو گزشتہ مالی سال کی 37.6 ارب روپے کی آمدنی کے مقابلے میں تقریباً 58 فیصد زیادہ ہے۔
ان اعداد و شمار سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ گوادر چین، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے لیے ایک اہم تجارتی بندرگاہ ثابت ہو سکتا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ہمسایہ ممالک ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحدی گزرگاہیں مکمل طور پر کھول دی جائیں اور قومی شاہراہوں کو تحفظ فراہم کیا جائے تو ملک میں معاشی سرگرمیوں اور استحکام میں مزید اضافہ ممکن ہے۔
