چمن (پاک ٹوڈے): عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) بلوچستان کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کو چمن میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت سے عبوری ضمانت منسوخ ہونے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔
سماء ٹی وی کے مطابق عدالت نے اصغر خان اچکزئی کی عبوری ضمانت منسوخ کرتے ہوئے انہیں کمرۂ عدالت سے گرفتار کرنے کا حکم دیا، جس پر پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق اصغر خان اچکزئی کو قتل اور اغوا کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ مقدمات تقریباً ایک سال قبل چمن میں قبائلی تنازعے کے دوران قتل ہونے والے مقامی شخص تیمور شاہ کے واقعے سے متعلق ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے والد ظاہر شاہ کی مدعیت میں اصغر خان اچکزئی کے خلاف قتل کی دفعہ 302 اور اغوا کی دفعہ 365 کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔
گرفتاری کے بعد انہیں چمن بائی پاس پولیس لاک اپ منتقل کر دیا گیا۔ اصغر خان اچکزئی بلوچستان اسمبلی کے سابق رکن بھی رہ چکے ہیں۔
