یمن میں 24 گھنٹوں کے دوران 324 حوثی جنگجو ہلاک کرنے کا دعویٰ، 108 فوجی گاڑیاں بھی تباہ

یمن: یمنی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی جنگجوؤں کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 324 جنگجو ہلاک جبکہ 108 فوجی گاڑیاں تباہ کر دی گئیں۔

یمنی فوج کے ترجمان کرنل ماجد النزیلی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 982 فوجی آپریشن کیے گئے، جن میں حوثی جنگجوؤں کے متعدد کمانڈرز، فوجی مراکز اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان کے مطابق ’طلوع یمن‘ کے نام سے جاری آپریشن میں جنگی طیاروں، ڈرونز، توپ خانے اور راکٹ لانچرز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ کارروائیوں میں حوثیوں کے کمانڈ سینٹرز، فیلڈ کمانڈرز، اسنائپر پوزیشنز، فوجی گاڑیوں اور رسدی نظام کو ہدف بنایا گیا۔

یمنی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ صرف ایک روز میں 108 فوجی گاڑیاں ناکارہ بنائی گئیں، جن میں بکتر بند گاڑیاں اور بھاری ہتھیار بھی شامل ہیں۔

بیان کے مطابق جنوب مغربی صوبے تعز میں سرکاری افواج نے اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے پیش قدمی کی، جہاں حوثی جنگجو دوبارہ منظم ہونے اور نئی فورسز تشکیل دینے کی کوشش کر رہے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ تعز کے علاوہ دارالحکومت کے مشرقی محاذوں، الجوف، مارب اور البیضاء سمیت دیگر علاقوں میں بھی لڑائی جاری ہے۔ یمنی افواج مختلف محاذوں پر دفاعی اور پیش قدمی کی کارروائیاں کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگجوؤں کی جانب سے مختلف علاقوں میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں بھی ہٹائی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو ان سے محفوظ رکھا جا سکے۔

واضح رہے کہ ہلاکتوں اور تباہ ہونے والی گاڑیوں کے اعداد و شمار یمنی فوج کے ترجمان کے دعوے پر مبنی ہیں، جن کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

Related posts

اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی کی افغان وزیر برائے مہاجرین سے ملاقات، انسانی امداد پر گفتگو

پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں مولانا فضل الرحمٰن کی تقریر کی بھرپور تائید کردی

افغانستان کے شمالی سالنگ میں گاڑی اور آئل ٹینکر کا تصادم، 5 افراد جاں بحق، 16 زخمی