صنعاء (پاک ٹوڈے): یمن میں حوثی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے فضائی حملوں کے نتیجے میں دو روز کے دوران 17 عام شہری جان سے گئے، جن میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔
حوثی انتظامیہ کی وزارت صحت کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی فضائی حملوں میں 17 شہری جان سے گئے۔ تاہم ان ہلاکتوں کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب سعودی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے طائف اور ینبع کی جانب داغے گئے حوثی میزائلوں کو تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے پیر کو دعویٰ کیا تھا کہ سعودی جنگی طیاروں نے 24 گھنٹوں کے دوران یمن میں 109 فضائی حملے کیے۔ ان کے مطابق حملے صعدہ، تعز، لحج، الجوف اور حدیدہ صوبوں کے مختلف علاقوں میں کیے گئے۔
