گوجرانوالہ (پاک ٹوڈے): 8 سالہ اسپیشل بچی کو اسکول پک اینڈ ڈراپ کے دوران متعدد بار جنسی درندگی کا نشانہ بنانے والا رکشہ ڈرائیور پولیس کے مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر گوجرانوالہ کی حدو د میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ پیش آیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ معصوم بچی کے ساتھ متعدد بار جنسی زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم رشید اپنے ایک نامعلوم ساتھی کے ہمراہ پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران وہ اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم رشید بچی کو اسکول لے جانے اور واپس گھر چھوڑنے کی ذمہ داری کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے مسلسل اپنی ہوس کا نشانہ بناتا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور موٹر سائیکل چاند گاڑی برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) گوجرانوالہ، ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پی سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی او پیپلز کالونی کی زیر نگرانی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور شہر بھر میں سخت ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی نافذ ہے، اور ایسے بدقماش و جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لیے پولیس تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے گی۔