پشاور (پاک ٹوڈے) خیبرپختونخوا حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈووکیٹ جنرل آفس سے اجازت لیے بغیر حلف نامہ جمع کرانے پر آئی جی خیبرپختونخوا پولیس سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ وزیر قانون خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے کہا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل آفس سے اجازت لیے بغیر عدالت میں حلف نامہ جمع کرانا پیشہ ورانہ غیر ذمہ داری کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس معاملے پر آئی جی خیبرپختونخوا کے خلاف وفاقی حکومت سے شکایت کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ وزیر قانون کے مطابق سرکاری معاملات میں متعلقہ قانونی فورم اور صوبائی حکومت کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، جبکہ اس معاملے پر حکومت کی جانب سے مزید اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔