مردان (پاک ٹوڈے): ضلع مردان کے علاقے ساولڈھیر میں مبینہ طور پر ماں کی فائرنگ سے اس کا آٹھ سالہ بیٹا جاں بحق ہوگیا، جبکہ خاتون نے خود کو بھی گولی مار کر اپنی جان لینے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ جبر کی حدود میں پیش آیا، جہاں فائرنگ سے آٹھ سالہ عیسیٰ ولد خورشید موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کے بعد بچے کی لاش انزرگئی اسپتال منتقل کردی گئی، جبکہ زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے ایم ایم سی اسپتال مردان لے جایا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ خاتون کے شوہر کی رپورٹ پر تھانہ جبر میں ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ واقعے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔