ایتھنز (پاک ٹوڈے): یونان کے شہر لاوریو میں شہریوں نے بندرگاہ کی نجکاری اور اسے اسرائیلی کمپنی کے حوالے کرنے کے ممکنہ منصوبے کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بندرگاہ کی نجکاری کا فیصلہ منسوخ کیا جائے اور اسے اسلحے یا فوجی سازوسامان کی ترسیل کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
احتجاج کی وجہ یہ ہے کہ ایک اسرائیلی کمپنی لاوریو بندرگاہ کے اکثریتی حصص حاصل کرنے کے لیے زیرِ غور سرمایہ کاروں میں شامل ہے۔ موجودہ منصوبے کے تحت لاوریو پورٹ اتھارٹی کے 51 فیصد حصص نجی سرمایہ کار کو دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ مجوزہ معاہدے کی مدت 2062 تک ہوسکتی ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کمپنی کی شمولیت سے بندرگاہ کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیے جانے کا خدشہ بڑھ سکتا ہے۔ احتجاج کے دوران فلسطینی پرچم بھی لہرائے گئے اور شرکا نے غزہ کی جنگ کے تناظر میں یونان اور اسرائیل کے دفاعی تعاون پر بھی مخالفت کا اظہار کیا۔