پشاور (پاک ٹوڈے): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت افغان مہاجرین سے متعلق وفاقی حکومت کی پالیسی پر عمل کرے گی اور پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو واپس جانا ہوگا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ وزیراعظم خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے فراہم کر رہے ہیں، جن میں سے 70 فیصد رقم ان علاقوں میں خرچ کی جائے گی جو ماضی میں ترقیاتی کاموں اور وسائل سے محروم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کو بھی ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم صوبے میں امن کے قیام کے لیے سب کو متفق ہونا ہوگا۔ صوبے کو امن کا گہوارہ بنانے اور اس کا تشخص بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کے خلاف کرپشن کے الزامات سامنے آئے تو کارروائی ہوگی اور اگر کسی پر جرم ثابت ہوتا ہے تو اسے قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کے مطابق سزا اور جزا کا مؤثر نظام قائم کیے بغیر حالات بہتر نہیں ہوسکتے۔