کوہاٹ پولیس لائن پر حملہ: واقعات کا تسلسل، شواہد اور سیکیورٹی چیلنجز

پاک ٹوڈے کی خصوصی تجزیاتی تحریر
کوہاٹ کی اولڈ پولیس لائنز میں جمعہ کی نماز کے دوران ہونے والا حملہ ایک ایسا مربوط حملہ تھا جس میں ہدف کا انتخاب، وقت، بارودی مواد، ممکنہ داخلی معلومات، مسلح حملہ آوروں کی پیش قدمی، پولیس کا فوری ردعمل، ہسپتالوں پر دباؤ اور علاقائی سیکیورٹی ماحول، سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ حملے کی مکمل تصویر تفتیش کے بعد ہی سامنے آئے گی، مگر دستیاب معلومات کی بنیاد پر اس کے اہم عوامل کو سمجھا جا سکتا ہے۔ کوہاٹ کی اولڈ پولیس لائنز کے احاطے میں اور اس سے متصل مسجد کے قریب جمعہ کی نماز کے دوران شدید دھماکا ہوا۔ مختلف ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے سیکیورٹی حصار کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد مسلح افراد نے کمپاؤنڈ کے اندر پیش قدمی کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس، انسدادِ دہشت گردی محکمہ (CTD) اور سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے علاقے کو گھیر کر کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ اس واقعے میں 21 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 15 پولیس اہلکار اور 6 عام شہری شامل تھے، جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ ابتدا میں ہلاکتوں کی تعداد کم بتائی گئی تھی، لیکن ریسکیو آپریشن اور ہسپتالوں میں متاثرین کی منتقلی کے ساتھ یہ اعدادوشمار بڑھتے رہے۔ پولیس لائنز کے اندر کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں حملہ آوروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی، تاہم مقامی افراد اور صحافیوں کے مطابق حملے کے پندرہ گھنٹے بعد بھی کمپاؤنڈ سے فائرنگ کی آوازیں آ رہی تھی اور باقی ماندہ حملہ آوروں کی ساتھ لڑائی جاری تھی، حملہ آوروں کی اصل تعداد، شناختی کوائف اور ان کے مخصوص کرداروں کی حتمی تصدیق کے لیے فرانزک تجزیہ اور کال ڈیٹا ریکارڈز درکار ہوں گے، جس کے بارے میں تاحال لوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔
پولیس لائن کی مسجد کا انتخاب کیوں کیا گیا؟
پولیس لائنز اور مسجد کا انتخاب حملے کے اثر کو دوگنا کرتا ہے۔ اولڈ پولیس لائنز میں پولیس دفاتر، انتظامی عملہ اور روزمرہ آنے جانے والے افراد موجود ہوتے ہیں، جبکہ جمعہ کی نماز کے وقت سیکیورٹی اہلکار اور شہری بڑی تعداد میں اکٹھے تھے۔ یہ وقت جانی نقصان کا امکان بڑھانے کے ساتھ ساتھ ایک گہرا نفسیاتی صدمہ بھی پیدا کرتا ہے۔ حساس سرکاری کمپاؤنڈ اور مسجد پر حملہ ایک واضح پیغام دیتا ہے کہ نسبتاً محفوظ سمجھی جانے والی سائٹس بھی خطرے سے باہر نہیں۔
کثیر المراحل طریقہ واردات کا انتخاب
حملہ آوروں کی جانب سے کوہاٹ پولیس لائن پر جس پیٹرن کیساتھ حملہ کیا گیا، یہ طریقۂ واردات ایک کثیر المراحل کارروائی کا نقشہ پیش کرتا ہے۔ ابتدائی بم دھماکے کا ممکنہ مقصد بیرونی سیکیورٹی حصار کو توڑنا اور سراسیمگی پھیلانا تھا۔ اس کے بعد مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ کا مقصد سیکیورٹی فورسز کو مصروف رکھنا اور کمپاؤنڈ کے اندر پیش قدمی کی کوشش تھا۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی نے حملے کے دائرے کو مزید پھیلنے سے روکا، جبکہ بعد ازاں سرچ اور فرانزک کا مرحلہ سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈز کا سراغ لگانے کے لیے شروع کیا گیا۔ یہ منظم انداز بتاتا ہے کہ کارروائی کے لیے پیشگی ریکی، منصوبہ بندی اور مقامی سہولت کاری موجود رہی ہوگی۔
سیکیورٹی پر سوالات
حساس سیکیورٹی کمپاؤنڈ پر یہ حملہ کئی سیکیورٹی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ اگر بارود سے بھری گاڑی یا حملہ آور اندرونی راستوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، تو داخلی چیک پوائنٹس، گاڑیوں کی چیکنگ، بیریئرز اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کا تفصیلی جائزہ ضروری ہو جاتا ہے۔ جمعہ کے اوقات میں خطرے کا پیمانہ زیادہ ہونے کی وجہ سے اضافی چیکنگ، راستوں کی عارضی تقسیم اور بلٹ پروف دفاعی تدابیر انتہائی اہم ہوتی ہیں۔ سیکیورٹی میں خلا کو محض ایک چیک پوسٹ کی غفلت تک محدود نہیں کیا جا سکتا، بلکہ اس میں ریکی، معلومات کی دراندازی اور ہتھیاروں کی ترسیل جیسے تمام پہلو شامل ہیں۔
حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے کون ہیں؟
حملے کے بعد اتحاد المجاہدین نامی گروہ نے ذمہ داری قبول کی ہے، اتحاد المجاہدین تین مسلح گروہوں کا مجموعہ ہے، جن میں حافظ گل بہادر گروپ، لشکر اسلام اور حرکت انقلاب اسلام پاکستان شامل ہے. اتحاد المجاہدین کی سربراہی حافظ گل بہادر کر رہے ہیں جن کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے اور انہیں پہلے حکومتی حمایت یافتہ مسلح تنظیم مانا جاتا تھا، مگر آپریشن ضرب عضب کے بعد اس گروپ نے اپنی پالیسی تبدیل کی اور ریاست کے خلاف مسلح کارروائیوں کا اعلان کر دیا، اب یہ گروپ ایک بڑے اور طاقتور گروہ کے طور پر پاکستان میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کوہاٹ حملے کے اثرات کیا ہوسکتے ہیں؟
بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کی ہلاکت و زخمی ہونا سیکیورٹی فورس کی نفری اور آپریشنل صلاحیت پر وقتی دباؤ ڈالتا ہے۔ فورس کو ایک طرف اس پیچیدہ واقعے کی تفتیش کرنا ہوتی ہے اور دوسری طرف شہر میں امن و امان کی روزمرہ کی ذمہ داری بھی سنبھالنی ہوتی ہے۔ اسی طرح، متاثرہ شہریوں اور جاں بحق و زخمی اہلکاروں کے خاندانوں کے لیے فوری طبی علاج، طویل المدت مالی معاونت اور نفسیاتی بحالی کے اقدامات بھی ضروری ہوتے ہیں۔ پولیس فورس کو ہمیشہ کم وسائل اور سیاسی دباؤ کی شکایت رہتی ہے اور ایسے مواقع پر سیاسی بیانات ان کے حوصلوں کو مزید پست کرنے کا باعث بنتے ہیں، یہ بھی اہم ہے کہ اس طرح کے حملے پولیس فورس کے اندر عدم تحفظ کا عنصر پیدا کرتی ہے اور پولیس کا مورال ڈاؤن ہوسکتا ہے۔
کوہاٹ کی جغرافیائی حیثیت اسے خطے کے مجموعی سیکیورٹی ماحول سے جوڑتی ہے۔ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز اور عوامی مقامات پر بڑھتے ہوئے حملے بتاتے ہیں کہ شدت پسند نیٹ ورکس کی نقل و حرکت اور رسد کا نظام ایک وسیع تر چیلنج ہے۔ اس واقعے کے بعد ریاستی ردعمل کو مختلف سطحوں پر دیکھا جائے گا۔ اس میں تفتیشی اور فرانزک شفافیت، حساس مقامات کے لیے خطرے کی بنیاد پر سیکیورٹی منصوبہ بندی، انٹیلی جنس اداروں کا باہمی رابطہ، متاثرین کی جامع بحالی اور عوام کو بروقت و قابلِ اعتماد معلومات کی فراہمی شامل ہے۔ کوہاٹ پولیس لائنز پر حملہ ایک ایسا واقعہ ہے جس کا مقصد صرف جانی نقصان پہنچانا نہیں بلکہ ریاستی اختیار، فورسز کے مورال اور عوامی تحفظ کے احساس کو نشانہ بنانا تھا۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کا شفاف اور پیشہ ورانہ جائزہ ہی سیکیورٹی نظام کو مستقبل کے خطرات کے لیے مضبوط بنانے کی بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔

Related posts

سپریم کورٹ کے ریلیف کے بعد دوبارہ گرفتاری، ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ معاملہ کیا ہے؟

ریاست کی کمزور ہوتی رِٹ

ہرمز اور باب المندب کا بحران: عالمی توانائی کی رسد اور پاکستان کے درآمدی بل پر بڑھتا دباؤ