پی سی بی کا تاریخی اقدام: پاکستان انڈر 19 ٹیم کے لیے پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں جونیئر کرکٹ کی ترقی اور نوجوان کھلاڑیوں کی کیریئر بلڈنگ کے لیے ایک بڑا اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے پہلی بار قومی انڈر 19 ٹیم کو سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

​یہ اہم فیصلہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ایک خصوصی ملاقات کے دوران سامنے آیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف یوتھ ون ڈے سیریز میں شاندار فتح حاصل کرنے پر نوجوان کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

​انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے پی سی بی کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے کامیاب دورے کے فوراً بعد چیئرمین پی سی بی کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا بر وقت صلہ ملنے سے جونیئر کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھے گا اور انہیں مستقبل میں مزید محنت کرنے اور کھیل پر توجہ مرکوز رکھنے کی ترغیب ملے گی۔

​انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنے والی قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا، "انڈر 19 کی سطح پر پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ ملنا تمام کھلاڑیوں کے لیے انتہائی باعثِ مسرت ہے۔ ملتان میں قائم انڈر 19 ڈیولپمنٹ کیمپ سے کھلاڑیوں کی تکنیک اور صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور گزشتہ دو سال کے نتائج اس کا واضح ثبوت ہیں۔”

​ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی بورڈ کے اس فیصلے کو سراتے ہوئے کہا کہ مالی معاونت کے اس پروگرام سے نہ صرف کھلاڑیوں کی توجہ مکمل طور پر کھیل پر مرکوز رہے گی بلکہ وہ اپنے اہل خانہ کی بہتر انداز میں مالی سرپرستی بھی کر سکیں گے۔ کھلاڑیوں نے اس پیش رفت پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔

Related posts

ایشین گیمز ویمنز کرکٹ، سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

1,000 گولز کا سنگِ میل قریب: کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کے قومی اسکواڈ میں شامل

محمد رضوان نے این سی سی آئی اے کی طلبی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی