برازیلیا (پاک ٹوڈے): برازیل میں انڈر 20 فٹبال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان شدید تصادم اور ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں ریفری نے مجموعی طور پر 51 ریڈ کارڈ دکھا دیے، جس کے بعد فٹبال کی تاریخ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا۔
یہ واقعہ برازیل کی ریاست میناس گیریس میں اوبرلینڈیا اور مامورے کی ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں پیش آیا۔ ریفری کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 43 کھلاڑیوں اور دونوں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کے 8 ارکان کو میدان سے باہر بھیجا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دوسرے ہاف میں مامورے کے کھلاڑی ڈیوڈ نے گول کرنے کے بعد مخالف ٹیم کے بینچ کی جانب اشارے کیے، جس پر اوبرلینڈیا کے گول کیپنگ کوچ پاؤلو سرجیو ڈیاس ڈوس سانتوس میدان میں آگئے۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا اور صورتحال نے شدت اختیار کرلی۔
واقعے سے قبل بھی تین کھلاڑی ریڈ کارڈ دیکھ چکے تھے، جبکہ لڑائی کے دوران اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی، جس پر پولیس کو طلب کرنا پڑا۔ ہنگامہ آرائی کے باعث میچ تقریباً 40 منٹ تک رکا رہا، تاہم حالات معمول پر نہ آنے کے بعد ریفری نے مقابلہ ختم کردیا۔
اس سے قبل 2011 میں ارجنٹائن کے ایک فٹبال میچ کے دوران 36 ریڈ کارڈ دکھائے گئے تھے، تاہم برازیل کے اس مقابلے میں 51 ریڈ کارڈز کے ساتھ یہ تعداد اس سے تجاوز کرگئی۔
واقعے کے بعد اوبرلینڈیا نے دوسرے مرحلے کا میچ کھیلنے سے دستبرداری اختیار کرلی، جس کے نتیجے میں مامورے کو فائنل میں رسائی مل گئی۔ اوبرلینڈیا کی جانب سے اس فیصلے کو فیئر پلے کا مظاہرہ قرار دیا گیا۔