اسلام آباد (پاک ٹو ڈے ): پرائیویٹ حج سکیم 2027 کے تحت واجبات کی وصولی کا پروسیس باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے مطابق شفافیت یقینی بنانے کے لیے تمام مالی امور صرف نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ "پاک حج پورٹل” اور "پاک حج موبائل ایپ” کے ذریعے ہی انجام دیے جائیں گے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ عازمین گھر بیٹھے پورٹل کے ذریعے منظور شدہ کمپنیوں اور پیکیجز کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ کسی بھی ٹور آپریٹر یا ایجنٹ کو نقد رقم یا چیک وصول کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ہدایت کے برعکس غیر مجاز ذرائع سے ادائیگی کرنے والے شہری اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے۔
امسال پرائیویٹ حج سکیم کا کل کوٹہ 71 ہزار 696 مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایپ پر نئی رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے۔