اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اسلام آباد پاسپورٹ آفس کے اسٹور روم سے 138 پاسپورٹ بکلیٹس چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مقدمہ درج کرکے پاسپورٹ آفس کے ایل ڈی سی فیصل شبیر کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق چوری ہونے والی پاسپورٹ بکلیٹس کراچی میں چھاپی گئی تھیں اور بعد ازاں اسلام آباد منتقل کی گئی تھیں۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 131 پاسپورٹ بکلیٹس برآمد کر لی گئی ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ باقی 7 پاسپورٹ بکلیٹس لاہور میں پاسپورٹ آفس کے سابق ملازم خرم شہزاد کو دی گئی تھیں۔
ایف آئی اے نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جن کا مقصد چوری شدہ پاسپورٹ بکلیٹس کی منتقلی کے طریقہ کار اور اس معاملے میں مبینہ طور پر ملوث دیگر افراد کا سراغ لگانا ہے۔