کراچی (پاک ٹوڈے): جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) سندھ کے زیر اہتمام کراچی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کے تقدس کی پامالی، ان کے خلاف مبینہ کردار کشی کی مہم اور سندھ کی تقسیم کی کوششوں کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔
گرومندر چورنگی کے قریب جامعہ بنوری ٹاؤن میں ہونے والے مظاہرے میں جے یو آئی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف کردار کشی کی مہم فوری بند اور مبینہ انتقامی کارروائیاں ختم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ایک قومی سیاسی رہنما ہیں اور ان کی عزت و حفاظت کا دفاع جماعت کی ذمہ داری ہے۔
علامہ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی اور سیاسی معاملات کو تصادم کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ آج کا اجتماع مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تجدید عہد وفا کے لیے منعقد کیا گیا ہے اور حالات جیسے بھی ہوں، جے یو آئی ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے ملک اور آئین کی بالادستی کے لیے طویل جدوجہد کی ہے، مذہبی طبقے کو بندوق کے بجائے ووٹ کی طاقت سے پارلیمان تک پہنچنے کا راستہ دکھایا اور ملکی سیاست میں اپنا کردار ادا کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کا نام پاناما کیس میں سامنے نہیں آیا اور نہ ہی ان کے نام پر کسی بے نامی اکاؤنٹ کا انکشاف ہوا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے آپریشن بنیان مرصوص کی حمایت کی اور ملک میں امن کے لیے اپنی جماعت کے ساتھیوں کی قربانیاں پیش کیں۔ جے یو آئی آج بھی ملکی سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
مظاہرے سے جے یو آئی کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان، مولانا غیاث، مولانا سمیع الحق سواتی، مفتی عبدالحق عثمانی، مولانا احسان اللہ ٹکروی، مولانا فیض الحق، مفتی محمد خالد، مولانا نور الحق، مفتی لئیق اسعدی اور فاروق حسن زئی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کے تقدس کی پامالی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف مبینہ کردار کشی کی مہم بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کی تقسیم کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کی جائے گی۔
مظاہرے کے اختتام پر شرکاء نے مولانا فضل الرحمٰن کے حق میں نعرے لگائے اور مبینہ کردار کشی و انتقامی کارروائیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے سیاسی و قومی معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔