نوشہرہ (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں معمولی تلخ کلامی پر دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں تین افراد ہلاک جبکہ دو راہگیر زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ جلوزئی کی حدود میں پیش آیا، جہاں دو گروپوں کے درمیان معمولی تکرار نے مسلح تصادم کی صورت اختیار کرلی۔ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ گولیوں کی زد میں آکر دو راہگیر بھی زخمی ہوئے۔
ڈی ایس پی نگاہ حسین کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں افراد آپس میں قریبی رشتہ دار تھے۔ واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر پبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کردی ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔