مکہ کے تحفظ کیلئے پاکستان اپنا فرض ادا کرے گا، خواجہ آصف

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ پر حملے کی صورت میں مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، پاکستان اسے اپنا فریضہ سمجھتا ہے۔

جیو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مکہ معاہدہ پاکستان پر لاگو ہوتا ہے اور پاکستان اس پر عمل کرنے کا پابند ہے، تاہم وہ اس حوالے سے مزید تفصیلات میں نہیں جاسکتے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ان کے خیال میں وہ صورتحال آگئی ہے جہاں مکہ معاہدہ نافذ ہونا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ایران بطور ریاست خطے میں کوئی نیا محاذ کھولے گا، جبکہ پاکستان نے سعودی عرب کا پیغام ایران تک پہنچایا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی فوجی اتحاد کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حوثی ڈرون کو روک کر تباہ کردیا تھا۔

سعودی فوجی اتحاد کے مطابق ڈرون کو مکہ کے گرد ممنوع فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی روک لیا گیا، جبکہ دونوں مقدس مساجد کا تحفظ سرخ لکیر ہے اور حوثیوں کے خلاف ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

سعودی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں کی جانب سے مکہ کو نشانہ بنانے کی یہ دوسری کوشش تھی۔ اس سے قبل جولائی 2017 میں بھی مکہ کی جانب بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا۔

اس سے قبل سعودی عرب کے شہروں جازان، ابہا اور خمیس مشیط میں حملوں کے خطرات پر سائرن بھی بجائے گئے تھے، تاہم کچھ دیر بعد وارننگ واپس لے لی گئی تھی۔۔پیر کے روز حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے متعدد حملوں کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہوئے تھے

Related posts

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹیجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ دفاعی اتحاد پر عملدرآمد کے لیے پرعزم

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ مقررہ تاریخ پر ہوگا، پرامن احتجاج کریں گے: بیرسٹر گوہر

کچلاک میں کم سن بچی کے مبینہ نکاح کا معاملہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لے لیا