محمد رضوان نے این سی سی آئی اے کی طلبی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے طلب کیے جانے کے معاملے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

جیو نیوز کے مطابق محمد رضوان نے اپنی درخواست میں این سی سی آئی اے کے دائرہ اختیار اور جاری انکوائری کی نوعیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں طلب کیے جانے کے نوٹس میں کسی مخصوص الزام کی وضاحت نہیں کی گئی۔

درخواست کے مطابق این سی سی آئی اے کی جانب سے آن لائن بیٹنگ اور جوئے سے متعلق انکوائری کی جارہی ہے، تاہم رضوان کا کہنا ہے کہ انہیں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وہ کس مبینہ آن لائن سٹے بازی یا جوئے کی سرگرمی میں ملوث رہے ہیں۔

محمد رضوان نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے۔

واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے محمد رضوان اور قومی کرکٹر امام الحق کو سوالنامہ فراہم کیا تھا اور دونوں کو مقررہ مدت میں جوابات جمع کرانے تھے۔ امام الحق کی جانب سے سوالنامے کے جوابات جمع کرائے جاچکے ہیں۔

دونوں کھلاڑیوں کو دورۂ انگلینڈ سے وطن واپس بلائے جانے کے بعد این سی سی آئی اے کی جانب سے ان سے متعلق تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔

Related posts

جوس بٹلر ٹی 20 انٹرنیشنلز میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے، روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا

نیویارک نے پیرس کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی، پاکستان کا کوئی شہر شامل نہیں

ریسلر انعام بٹ کی صفائی تسلیم، سزا میں تخفیف