کراچی (پاک ٹوڈے): شہرِ قائد کے علاقے ایئرپورٹ کالونی گیٹ کے قریب پولیس کی شاہین فورس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ کالونی گیٹ کے پاس گشت پر مامور شاہین فورس کے اہلکاروں نے رکشے اور 125 موٹر سائیکل پر سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔ تاہم، ملزمان نے پولیس کی ہدایت پر عمل کرنے کے بجائے ان پر براہ راست فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں شاہین فورس کے دو اہلکار شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں زیرِ علاج ایک اہلکار، جس کی شناخت عامر کے نام سے ہوئی، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، جبکہ دوسرے زخمی اہلکار کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ملیر فوری طور پر اسپتال پہنچے اور صورتِ حال کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے کی تفتیش کے لیے جدید تکنیکس اور سائنسی طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایئرپورٹ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو تیز کیا جائے، جبکہ ایس ایس پی ملیر کو جاں بحق اہلکار کے گھر جا کر ان کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت اور یکجہتی کرنے کی بھی تاکید کی۔