پشاور (پاک ٹوڈے): ملاکنڈ ریجن سے تعلق رکھنے والی ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ایتھلیٹ سلمیٰ علی نے 54 ویں قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گولڈ اور دو سلور میڈلز اپنے نام کر لیے۔
کراچی میں منعقدہ قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سلمیٰ علی نے 4×400 میٹر ریلے مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ 100 میٹر مکسڈ ریلے اور 4×100 میٹر ریلے میں سلور میڈلز جیتے۔ اس طرح انہوں نے مجموعی طور پر تین میڈلز حاصل کرکے قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
سلمیٰ علی کی کامیابیوں میں ان کے کوچ عابد آفریدی کی تربیت اور رہنمائی کا اہم کردار رہا، جن کی محنت کے نتیجے میں وہ مسلسل قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ سلمیٰ علی نے 2025 کے انڈر 21 گیمز میں بھی غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ گولڈ میڈلز جیتے تھے، جس پر انہیں بہترین ایتھلیٹ قرار دیا گیا تھا۔
سلمیٰ علی کی مسلسل کامیابیاں ملاکنڈ ریجن اور خیبرپختونخوا کے لیے باعثِ فخر ہیں۔