مغربی کنارہ (پاک ٹوڈے): مغربی کنارے کے گاؤں جالود میں 100 سے زائد اسرائیلی آبادکاروں نے حملہ کردیا، جس کے دوران 3 اسرائیلی فوجی اہلکار معمولی زخمی ہوگئے جبکہ فلسطینیوں کے 2 گھروں کو آگ لگانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسرائیلی فوجی اہلکار ایک فلسطینی خاندان کو جالود میں واقع ان کے گھر واپس پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ خاندان تقریباً 2 ماہ قبل اسرائیلی آبادکاروں کے واقعات کے باعث گھر چھوڑنے پر مجبور ہوا تھا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق 100 سے زائد آبادکار رات کے وقت جالود کے علاقے میں موجود تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے پولیس کے ساتھ مل کر انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی۔ فوج کے مطابق آبادکاروں نے سڑکیں بند کیں، ٹائر جلائے اور سیکیورٹی فورسز پر پتھراؤ کیا جبکہ گاؤں میں فلسطینیوں کے گھروں اور گاڑیوں کو بھی آگ لگائی گئی۔
فوج کے مطابق جھڑپوں کے دوران بارڈر فورس کے 3 اہلکار معمولی زخمی ہوئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کے باعث بے گھر فلسطینی خاندان کی اپنے گھر واپسی کا عمل روک دیا گیا۔
فلسطینی خاندان کے رکن محمود التوباسی نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ہمراہ فوجی گاڑیوں کی نگرانی میں گھر پہنچے، تاہم وہاں موجود آبادکاروں نے خاندان پر حملہ کردیا۔ ان کے مطابق فوجی اہلکاروں نے مرچوں کے اسپرے کے ذریعے آبادکاروں کو پیچھے ہٹایا، جس کے باعث انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تاہم کوئی جسمانی نقصان نہیں ہوا۔
اسرائیلی پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ایک مشتبہ شخص اور 2 کم عمر افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’’فسادیوں کے ایک چھوٹے گروپ‘‘ کی کارروائی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے کمیونٹی کو نقصان پہنچتا ہے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔
اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگانا، پتھراؤ کرنا، حملہ کرنا اور سیکیورٹی اہلکاروں کو زخمی کرنا ناقابل قبول ہے اور اس کا کوئی جواز نہیں۔
اکتوبر 2023 میں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے مغربی کنارے میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کی بنیاد پر اس عرصے کے دوران اسرائیلی فوجیوں یا آبادکاروں کے ہاتھوں کم از کم 1,111 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں جنگجو اور عام شہری دونوں شامل ہیں۔ اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے میں فلسطینی حملوں یا اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران کم از کم 49 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے۔
