پشاور (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے صوبے میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے خدشے کے پیش نظر 4 اکتوبر کا لانگ مارچ فوری طور پر ملتوی کرنے کی تجویز دے دی۔
شوکت یوسفزئی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، جنید اکبر، عاطف خان، علی اصغر، شہرام ترکئی، شاہد خٹک اور شیخ وقاص اکرم کو خط ارسال کیا ہے۔
خط کے متن کے مطابق شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنا چاہتی ہے، جبکہ افغانستان سے ممکنہ حملے اور دہشت گردی کو اس اقدام کے لیے جواز بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو دہشت گردوں کا سہولت کار قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے اور وفاقی حکومت لانگ مارچ سے گھبرا کر صوبائی حکومت ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ ان کے مطابق وفاق کی جانب سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تعاون نہیں کر رہی۔
شوکت یوسفزئی نے خط میں کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد اور بیرونی خطرات کے پیش نظر لانگ مارچ ملتوی کرکے مذاکرات کی راہ ہموار کی جانی چاہیے۔ انہوں نے صلح حدیبیہ سے سبق سیکھنے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کی جان سب سے قیمتی ہے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے امکان اور لانگ مارچ کے معاملے پر حالیہ دنوں میں سیاسی سطح پر بیانات سامنے آتے رہے ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر لانگ مارچ ملتوی کرنے پر زور دیا ہے۔
