واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سنتکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی حالیہ سمندری ناکابندی کے دوران امریکی بحری افواج نے جولائی کے وسط سے اب تک 70 تجارتی بحری جہازوں کا راستہ تبدیل کروا دیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ‘ایکس’ پر جاری بیان میں سنتکام نے بتایا کہ اس بین الاقوامی آپریشن میں شامل امریکی گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز ‘یو ایس ایس جان فن’ اور ‘یو ایس ایس راس’ سمیت 20 سے زائد جنگی جہاز حصہ لے رہے ہیں۔ کمانڈ کے مطابق کارروائیوں کے دوران 3 بحری جہازوں کو ناکارہ بنایا گیا جبکہ 2 کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر ایک نقشہ شیئر کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں آبنائے ہرمز کو ‘امریکی علاقہ’ دکھایا گیا تھا، جبکہ اس سے ایک روز قبل صدر ٹرمپ نے ایک عوامی اجتماع میں بھی اس سٹریٹیجک آبی گزرگاہ کو امریکی حدود قرار دیا تھا۔
