لاہور (پاک ٹوڈے): پنجاب پولیس نے لاہور میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا محاصرہ کرلیا، جبکہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے ان کی نقل و حرکت محدود کردی گئی۔
جے یو آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان گزشتہ شب لاہور پہنچے تھے۔ انہیں آج لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر وکلا سے خطاب کرنا ہے، تاہم پولیس نے ان کی رہائش گاہ کے باہر اہلکار تعینات کرکے انہیں گھر سے باہر آنے سے روک دیا ہے۔
جے یو آئی کے مطابق پولیس نے رہائشی سوسائٹی کے مرکزی گیٹ پر کنٹینر بھی رکھ دیا ہے، جس کے باعث سوسائٹی کے رہائشیوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔
جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پولیس اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں اور انہیں رہائش گاہ سے باہر نکلنے سے روکنا بنیادی شہری آزادیوں اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن کسی سیاسی رہنما کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس فوری طور پر رکاوٹیں ختم کرکے مولانا فضل الرحمان کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دے۔
دوسری جانب جے یو آئی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ نصیر احمد احرار نے رات گئے پارٹی ذمہ داران کی گرفتاریوں اور مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے محاصرے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
انہوں نے حکومتی اقدام کو بزدلانہ اور احمقانہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور حکومت پنجاب سے ہوش کے ناخن لینے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان جے یو آئی کی ریڈ لائن ہیں۔
