اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر غور کے لیے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرا شرکت کریں گے، جہاں خیبرپختونخوا میں سکیورٹی کی صورتحال اور عسکریت پسندی کے بڑھتے واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز، انتظامی معاملات اور امن و استحکام کی بحالی سے متعلق امور زیرِ بحث آئیں گے۔ پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے صوبے کی صورتحال پر رپورٹس بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس میں ہونے والی مشاورت کے بعد صوبے میں امن و امان اور انتظامی صورتحال سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں، تاہم فیصلوں کی نوعیت کے بارے میں باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
