ابوجا (پاک ٹوڈے): نائجیریا کی ریاست نائجر میں مسلح شدت پسندوں نے متعدد دیہات پر گھات لگا کر حملہ کر کے کم از کم 40 افراد کو قتل اور 100 سے زائد کو اغوا کر لیا ہے۔
مقامی ذرائع اور پولیس کے مطابق فوج کی وردیوں میں ملبوس مسلح حملہ آوروں نے جمعے کی نماز کے بعد نائجر ریاست کے سرحدی علاقے ‘بورگو’ میں واقع ‘ڈیکارا’ اور دیگر ملحقہ دیہات کو نشانہ بنایا۔ حملہ آوروں نے نمازیوں اور مقامی رہائشیوں کو ایک جگہ گھیر کر یرغمال بنایا اور قریبی جنگلات کی جانب لے گئے۔
پولیس ترجمان واسیو ابیودون کے مطابق واقعے میں اغوا برائے تاوان میں ملوث منظم ڈاکو گروہ کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے اسی علاقے سے 145 یرغمالیوں کو بازیاب کرایا تھا، تاہم جنگلات کے وسیع سلسلے کے باعث خطے میں سیکیورٹی چیلنجز سنگین صورتحال اختیار کر چکے ہیں۔
