تہران (پاک ٹوڈے): ایران نے امریکا کو پیشکش کی ہے کہ اگر واشنگٹن تہران کی شرائط پوری کردے تو آبنائے ہرمز میں سکیورٹی بحال کرکے اسے دو گھنٹوں کے اندر دوبارہ کھولا جاسکتا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ کسی معاہدے کی صورت میں ایران انتہائی تیزی سے اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا معاہدہ طے پانے کے دو گھنٹے کے اندر آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولا جاسکتا ہے؟
اسماعیل بقائی نے جواب میں کہا کہ ایران اپنے وعدوں کی پاسداری کے لیے پُرعزم ہے اور اگر دوسری جانب سے متعلقہ شرائط پوری کردی جائیں تو تہران جلد از جلد ان پر عمل درآمد کرے گا۔
تاہم ایرانی ترجمان نے واضح کیا کہ ایران اپنے عوام کے حقوق اور قومی مفادات کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران اپنے مقاصد سے بخوبی آگاہ ہے اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔
اسماعیل بقائی نے امریکا کی جانب سے مسلسل دھمکیوں اور جنگ میں کامیابی کے دعوؤں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے فتح کے اعلانات تقریباً روزانہ کا معمول بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی دھمکیاں ایرانی عوام کو اپنی سرزمین اور قومی وقار سے دستبردار نہیں کرسکتیں بلکہ ایسے بیانات ایران کے عزم اور قومی اتحاد کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر نئے سال تک ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ ہوسکا تو امریکا دوبارہ جنگ شروع کرنے پر غور کرسکتا ہے۔
